کاسرگوڈ ،2؍ اگست (ایس او نیوز) کاسرگوڈ میں چند دن پہلے راجدھانی جیویلرس میں جو ڈکیتی کی واردات انجام دی گئی تھی اس معاملہ کے کلیدی ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جس کی شناخت ستھیش پی کے عرف کرن (35 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
تحقیقاتی ٹیم کے افسروں نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ملزم پر کیرالہ ، کرناٹکا اور تملناڈو کے کئی پولیس اسٹیشنوں میں پہلے سے مختلف کیس درج ہیں ۔
یاد رہے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں دکان کے چوکیدار کے ہاتھ پیر باندھنے کے بعد شٹر توڑ کر انجام دی گئی ڈکیتی کی مذکورہ واردات میں 15 کلو گرام چاندی کے زیورات اور 4 لاکھ روپے نقدی پر ہاتھ صاف کیا گیا تھا ۔ پولیس نے بعد میں الال میں لاوارث چھوڑی گئی کار سے 7 کلو گرام چاندی کے زیورات اور 2 لاکھ روپے نقد برآمد کر لیے تھے ۔
پولیس نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہے اور دستیاب سراغ کی بنیاد پر دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لئے کارروائی کی جارہی ہے ۔